نئی دہلی،28؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے ایک جوڑے کو طلاق کی منظوری دیتے ہوئے دونوں کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سمیت کسی بھی جگہ پر اور کسی بھی طرح سے ایک دوسرے کی تصویرڈالنے پر روک لگا دی ہے۔چیف جسٹس دیپک مشرا کی قیادت والی بنچ نے طلاق کی منظوری دیتے ہوئے ایک انجینئر کو دو ماہ کے اندرخاتون کو 37 لاکھ روپے کا مستقل قیام فنڈ دینے کی ہدایت دی۔جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چدرچوڑ کی بنچ نے دونوں فریقوں کے دلائل سن کر کہاکہ وہ جھگڑے کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور ان کی شادی ختم کی جائے، اس کے بعد بنچ نے یہ حکم دیا۔بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ نہ تو شوہر اور نہ ہی بیوی سوشل میڈیا یا آن لائن سمیت کسی بھی جگہ پر کسی بھی طرح سے ایک دوسرے کی تصویر ڈالیں گے۔ خاتون نے اپنے وکیل دشینت پراشر کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ شوہر کو اس کی بحالی کیلئے فنڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی دی جائے۔سپریم کورٹ نے اس معاملے میں درج دو ایف آئی آر کی وجہ سے چلی مجرمانہ کاروائی کوبھی رد کردیاہے۔